لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح ، سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ گروسری سٹورز، بیکریز اور کنفیکشنریز کو رات کم از کم دس بجے تک کام کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ یہ اہم کاروبار براہ راست عوام سے جڑے ہوئے ہیں، ان کے اوقات کار میں اضافے سے عوام کو بہت بڑا ریلیف ملے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال اور محدود اوقات کار کی وجہ سے کاروباری شعبے میں پریشانی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروسی سٹورز، بیکریز اور کنفیکشنریز کے اوقات کار میں اضافے سے اس شعبہ سے وابستہ تاجروں پر مالی دباؤ کچھ کم ہوگا اور عوام کو بھی بہت بڑا ریلیف ملے گا لہذا انہیں سٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے اضافی اوقات کار دئیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔