لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے رولز آف بزنس کی توثیق کر دی ہے اور کابینہ کمیٹی کی تمام سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ حکومت اپنے وعدے پورے کر رہی ہے۔ سیاست کی بہار عوام سے جڑی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں اور سیاست کو صندوق میں بند کر کے کچھ دنوں کے لئے تالا لگا دیں۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا کو پنجاب کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کیسوں اور شرح اموات پر گہری تشویش‘ شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد نہ کئے جانے پر کابینہ نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہسپتالوں میں آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ آکسیجن کی سپلائی برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے بتایا پنجاب میں 69 فیصد گندم کٹائی ہو چکی ہے۔ پنجاب حکومت اب تک تقریبا 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید چکی ہے۔ ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا مظفر گڑھ میں چوک سرور شہید کو نئی تحصیل بنانے کی منظوری دی گئی۔ دیگر امورکی بھی منظوری دی گئی۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کو پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں تبدیل کرنے کی منظوری بھی دی گئی جس سے اب یہ کمپنی پورے پنجاب میں آپریٹ کر سکے گی۔ اجلاس میں نمل انسٹی ٹیوٹ میانوالی کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
تمام جماعتوں کو سیاست بند کرکے کرونا پر حکومت کا ساتھ دینا چاہئے: فردوس عاشق
Apr 30, 2021