ساہیوال (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی دھرتی دنیا کی تین بہترین تہذیبوں میں سے ایک کی امین ہے۔ وہ ہڑپہ میوزیم میں نئے تعمیر ہونے والے آڈیٹوریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو محکمہ ٹورازم اور آرکیالوجی نے تقریباً 3کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔ آڈیٹوریم میں سیاحوں کو وادی سندھ کی تہذیب سے متعلق ڈاکومنٹری دکھائی جائے گی اور ایک سوینئر شاپ بھی قائم کی گئی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ، ڈپٹی کمشنر بابر بشیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیالوجی محمد حسن بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سیاحت کے فروغ میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، پاکستان مختلف قدیم تہذیبوں اور مذاہب کا مرکز ہے جہاں مذہبی ٹورازم کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہڑپہ کے آثار قدیمہ کو یونیسکو کی ہیرٹیج لسٹ پر شامل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی سیاحتی پالیسی کے مطابق ہڑپہ کے آثار قدیمہ پر رات کو لائٹنگ کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ اسے سیاحوں کے لئے مزید پر کشش بنایا جائے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد نے کہا کہ 9 ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال سے موٹروے تک ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی جبکہ ہڑپہ پھاٹک پر اوور ہیڈ برج تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہڑپہ میں ایک ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جبکہ ساہیوال میں عوام کو صاف پانی کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے 100 فلٹریشن پلانٹ بھی لگائے جائیں گے۔