ملتان (سپورٹس ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں کھیلوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ کھیلوں کو گراس روٹ سطح سے بلند کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں بچھائی گئی مصنوعی ہاکی ٹرف کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں کھیلوں کے تمام کورٹس اور میدانوں کو اپ گریڈ اور بہتر بنایا گیا ہے۔ ہاکی قومی سپورٹس پالیسی کا ایک حصہ ہے اور نچلی سطح پر لڑکوں اور لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ فیڈریشن کو بھی ہاکی کے کھیل کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لئے سکولوں، کالجوں اور ضلعی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے چاہیں۔ علاقائی تنظیموں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی کھیل کی ترقی کے لئے آگے آنا چاہیے تاکہ ہاکی میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے اور ایک بار پھر ملک کے لئے اعزاز حاصل کیا جا سکے۔
کھیلوں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے : ڈاکٹر فہمیدہ مرزا
Apr 30, 2021