لاہور(خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔ حکومت کو خبردار کرتے ہیں کہ اللہ اور اس رسول کے ساتھ سود کی شکل میں جاری جنگ ختم کرے ورنہ حکمرانوں کے خلاف بھی جنگ ہو گی۔ اگر حکومت اسلامی نظام معیشت اپناتی ہے، تو جماعت اسلامی ہر طرح سے اس کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت کی اپیل پر وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام کے خلاف فیصلہ پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا۔ علمااور آئمہ کرام نے مساجد میں سودی نظام کی برائیوں اور اسلامی معیشت کے فوائد پر خطبات دیے اور حکومت کو کہا کہ وہ قوم کو سودی نظام سے چھٹکار دلانے کا روڈ میپ دے۔امیر جماعت نے گزشتہ روز مسجد نبوی میں ہونے والی سیاسی نعرہ بازی پر شدید افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، ہمیں پاکستان کی سیاسی لڑائی کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نہیں لے کر جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وکلا اور ہمارے کئی دوسرے رفقائے کار نے مسلسل کیس کی پیروی کی اور بالآخر وفاقی شرعی عدالت نے ایک کلیئر حکم نامہ جاری کر دیا ہے کہ انٹرسٹ بھی ربا کی ایک شکل ہے اور یہ قطعی حرام اور خلاف قانون ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عدالت کے حکم پر اس کی روح کے مطابق عمل کر ے ، اگر ایسا نہ ہوا تو قوم کا ہاتھ اور حکمرانوں کا گریبان ہو گا۔
حکومت اسلامی معیشت اپنائے جماعت اسلامی ساتھ دے گی:سراج الحق
Apr 30, 2022