لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ریاست مدنیہ کے دعویدار عمران خان اور انکے حواریوں نے حرم مدنی، مسجد نبوی اور روضہ رسولﷺ کے تقدس کو پامال کرکے امت مسلمہ کے سامنے اپنے اصل چہرہ کو بے نقاب کردیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی اس شرمناک واقعے میں ملوث عناصر کو نشانہ عبرت بنانا چاہیے۔ تحریک انصاف کے ان لوگوں کی وجہ سے پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ جمعہ کے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ تحریک انصاف والوں نے سب سے پہلے پاکستان میں آئین کو پامال کیا‘ عدلیہ اور افواج پاکستان کے تقدس کو بھی ان لوگوں نے نشانہ بنایا اور اب یہ لوگ مسجد نبوی روضہ رسول میں پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان اور انکے حواری پاکستان میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سیاسی جلسے کر کے رمضان المبارک کا تقدس پامال کرتے رہے ہیں۔ عدلیہ‘ جمہوریت‘ پارلیمنٹ کے تقدس کو بھی پامال کرنے والے یہی لوگ ہیں۔ قوم ان کو کسی صورت معاف نہیں کریگی۔
روضہ رسولؐ کی بے حرمتی‘ ریاست مدینہ کے دعویداروں کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا: زبیر احمد ظہیر
Apr 30, 2022