اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کیلئے حرم کی حرمت تک بھول گئے: سابق کرکٹرز


لاہور (سپورٹس رپورٹر) مسجد نبوی میں گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ پر قومی سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور محمد یوسف کی جانب سے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ روضہ رسولؐ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے، ہم اپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کیلئے حرم کی حرمت تک بھول گئے۔ ہم ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہوگئے، نعرے لگانے والوں کی پہچان تو ہوجائے گی لیکن پاکستان کی شناخت کو آج ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ سابق کرکٹر محمد یوسف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں نے تو کبھی مکہ مدینہ نہیں دیکھا تھا، مسلمان ہونے کے بعد پہلی دفعہ گیا تو خانہ کعبہ کو دیکھ کر چیخ نکل گئی تھی۔ محمد یوسف نے یہ بھی کہا کہ روضہ رسولؐپر گیا تو آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے تھے، یہ وہ جگہیں ہیں جہاں پہنچ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ آج روضہ رسول ؐ پر جو کچھ ہوا وہ دیکھ کر اے اللہ میں پوری امت کی طرف سے تجھ سے معافی مانگتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن