لاہور (شیخ طاہر علی) پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما سابق صدر لاہور عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا بلاول بھٹو کو وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ اچھا ہے، پی ٹی آئی کو ہار تسلیم کرلینی چاہئے۔ سب پارٹیوں کو جمہوریت پسند ہونے کا عملی مظاہرہ کرنا پڑے گا، عمران نیازی اور اس کے حواریوں نے آئین شکنی کی ان پر آ رٹیکل چھ لگنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے انٹرویو کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے چار سالوں میں عوام سے صرف جھوٹ بولا۔ مہنگائی، بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کو زندہ درگور کردیا۔ اتحادی حکومت کی اللہ مدد کرے پھر ہی ملک کو درپیش مسائل سے نجات ملے گی۔ عزیز الرحمن چن نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے اور یہی ملکی مفاد میں ہے، آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔ بھٹو خاندان نے ملک و قوم اور جمہوریت کی لئے لازوال قربانیاں دیں۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت پسند ہونے کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ عمران نیازی نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا، کبھی جھوٹے خط تو کبھی فوج پر الزام لگا رہا، عوام کے ساتھ فراڈ کررہا ہے، خود کو عقل کل سمجھتا ہے۔ الیکشن میں عوام ان سے ہر زیادتی کا حساب لیں گے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی عوامی رابطہ مہم شروع کر رہی ہے جبکہ تنظیم سازی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل وطن اور زندہ دلان لاہور کو پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے عید کی خوشیاں مبارک ہوں ۔