پرسٹینا (آئی این پی)کوسوو 1.6 کروڑ ڈالر کے عوض ڈنمارک سے قیدی درآمد کرے گا۔ ڈنمارک نے کوسوو کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ڈنمارک اپنی جیلوں کے 300 قیدیوں کو سالانہ 1.5 کروڑ (1.58 کروڑ ڈالر) کے عوض کوسوو بھیجے گا۔ اس اقدام کا مقصد ڈنمارک کی جیلوں پر دباؤ کو کم کرنا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈنمارک کے وزیر انصاف نک ہائکروب نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ دستخط کیے گئے معاہدے کے ذریعے ہماری گنجان آباد جیلوں کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے گی اور جیلوں کے پہرے داروں پر موجودہ دباؤ میں کمی لائی جا سکے گی۔معاہدے کے تحت اولین قیدیوں کو 2023ء کے اوائل میں کوسوو کے دارالحکومت بریشتینا سے 50 کلومیٹر دور جیلان کی جیل میں رکھا جائے گا۔