اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی دھمکیوں پر محیط پاکستانی سفیر کے مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر صدرِ مملکت کو خط تحریر کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق امریکی دھمکیوں پر مبنی پاکستانی سفیر کے مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط تحریر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس سلسلے میں عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی چٹھی بھجوائیں گے۔دونوں اہم ریاستی شخصیات سے امریکہ سے پاکستانی سفیر کے مراسلے اور اسکے مندرجات کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا جائے گا ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ باضابطہ ملاقات میں ہمارے سفیر کو دی جانے والی دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے یکسر منافی ہے، مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل اور سفارتی بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی آزادی و خود مختاری کا تحفظ حکومت کے دفاع و حصول سے بالاتر فریضہ ہے، مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت حکومت کی صورت میں وصول کی، عمران خان نے مزیدکہاکہ عوام بیرونی سازش کی شکل میں پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت پر بے حد رنجیدہ اور ناراض ہیں، عوامی ردعمِل کی شدت کے پیشِ نظر حقیقی آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان زیادہ دیر تک روکنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ چوروں کو غداروں میں ڈھلتے دیکھ کر عوام سیخ پا، ان ملت فروشوں کا محاسبہ چاہتے ہیں۔