لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، بہاولپور، مقبوضہ بیت المقدس (خصوصی نامہ نگار، نمائندگان خصوصی، نمائندگان نوائے وقت، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) یوم القدس کے موقع پر فلسطینیوں اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز پاکستان میں شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ پاکستان علماء کونسل، مجلس وحدت المسلمین اور جمعیت علماء پاکستان اور دیگرکے زیراہتمام ہونے والے اس احتجاج کے دوران مقررین نے خطبات جمعہ اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی اور بھارتی مظالم کی مذمت جبکہ مظلومین کے حق میں دعائیں کیں۔ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں جمعۃ الوداع کو یوم تحفظ ارض حرمین الشریفین والاقصیٰ کے طور پر منایا گیا۔ خیبر سے کراچی تک علماء و مشائخ، آئمہ و خطباء نے نماز جمعہ کے خطبات میں کہا ہے کہ حرمین شریفین و مسجد اقصیٰ کی حفاظت پوری مسلم امہ کا بنیادی فریضہ ہے۔ کسی ایسے عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے ان مقدس مقامات کی حرمت پر آنچ آئے۔ مسجد نبوی شریف میں چند شرپسندوں نے جو کچھ کیا اس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل دکھی ہیں۔ بیت المقدس کی آزادی ہر مسلمان کا خواب ہے۔ اسلام کی سربلندی کیلئے پاکستان کی سلامتی، ارض حرمین شریفین کے دفاع اور تحفظ کیلئے اور الاقصیٰ کی آزادی کیلئے ہر طرح کی جدوجہد کی جائیگی اور متحد ہو کر ان طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کیا جائیگا جو مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ ہم مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عالمی یوم القدس کے موقع کے زیر اہتمام فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین کی حمایت میں لاہور سمیت اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل، امریکہ اور بھارت کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلیوں کی قیادت مرکزی و صوبائی قائدین نے کی۔ لاہور میں مرکزی ریلی کا آغاز نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد صاحب الزمان حیدر روڈ اسلام پورہ سے ہوا ۔ ریلی کے شرکا نے مال روڈ سے گزرتے ہوئے پنجاب اسمبلی ہال تک مارچ کیا۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ القدس بیدار، زندہ اور باضمیر لوگوں کا دن ہے۔ عالمی یوم القدس کسی مخصوص مکتبہ فکر کا دن نہیں بلکہ آج کے روز دنیا بھر میں شیعہ سنی مسلمان مل کر یوم القدس منا رہے ہیں۔ حیدر ثقفی نے ریلی کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بیدار و باضمیر قوم قرار دیا۔ ریلی کے اختتام پر امریکہ و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔ کراچی میں علامہ سید احمد اقبال رضوی ، پشاور میں علامہ سید وحیدکاظمی ، فیصل آباد میں ڈاکٹر افتخارنقوی سکردو میں علامہ آغا علی رضوی ، گلگت میں علامہ آغا نیر مصطفوی اور مظفر آباد میں سید یاسر عباس سبزواری نے یوم القدس ریلی کی قیادت کی۔ جمعیت علماء پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں مسجد اقصیٰ میں نہتے نمازیوںپر تشدد، مسجد کی بے حرمتی، فلسطینی بچوں، خواتین اور نہتے عوام پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر، چیئرمین علامہ قاری محمد زوار بہادر، سید محمد صفدر شاہ گیلانی، ڈاکٹر جاوید اعوان اور دیگر مقررین کے علاوہ ملک بھر میںجے یو پی کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔ ملک بھر میں مقررین نے خطبات جمعۃ المبارک اور احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض مقدس قبلہ اول مسجد اقصیٰ اور فلسطینی عوام کے تحفظ کے لئے اسلامی افواج کو فلسطین بھیجا جائے کیونکہ اقوام متحدہ اور نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار اقوام عالم فلسطینی مسلمانوں پر مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔ قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماء کرام، شیعہ علمائ کونسل اور جے ایس او کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں پریس کلب سے اسمبلی ہال تک ریلی شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی زیر قیادت القدس ریلی نکالی گئی۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان ہے۔ فلسطین کشمیر یمن شام اور افغانستان کے حالات کی طرف دیکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ دنیا میں ظلم بڑھ چکا ہے، درندوں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے جبکہ عالمی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کر چکے ہیں۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام جامع مسجد امامیہ بیرون گیٹ کھیالی سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے اسرائیل امریکہ مخالف نعرے بازی کی۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا احتجاجی جلوس گوندلانوالہ چوک میں پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تحریک لبیک یارسول اﷲﷺ کے کارکنوں نے گذشتہ روز یہاں گستاخانہ خاکوں اور کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جسکی قیادت صاحبزادہ سید عطاء الحسنین شاہ نے کی۔ ریلی ونیکے روڈ سے شروع ہوکر فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی جہاں شرکاء ریلی نے اسرائیل ہالینڈ کے خلاف سخت نعرہ بازی کی اور کہا کہ ہم ناموس رسالت ﷺ کی خاطر جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق حافظ آباد میں یوم القدس کے موقع پر اہل تشیع کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مرکزی امام بار گاہ کربلا فوارہ چوک سے شروع ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی کچہری بازار الفیصل بازار اور گوجرنوالہ روڈ سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔