حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد آصف رضا نے کہا ہے ڈینگی مچھر کی روک تھام کیلئے تمام محکموں کو ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا ۔ڈینگی لاروا کی افزائش اور مچھر کی روک تھام کیلئے جہاں محکمہ صحت کی ٹیمیں کام کر رہی ہیںتو وہیں دیگر تمام متعلقہ محکموں کو بھی اپنی ذمہ داریاں باخوبی نبھاتے ہوئے عوام کو اس سے بچائو کے لیے اقدامات کو مزید بہتر بنانا ہونگے ۔ڈینگی مچھر پر قابو پانے کے لیے جہاں حکومتی ادارے اپنی بھر کوششیں کر رہے ہیں تو وہیں عوام اور سول سوسائٹی کے سر کردہ افراد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر،ڈی ایچ او ڈاکٹر اشفاق میر،ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر مسعود نبی واہلہ سمیت محکمہ تعلیم۔سوشل ویلفیئر، پاپولیشن،لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموںکو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ مین عوام میں خصوصی آگاہی اور شعور بھی فراہم کیا جائے ۔