لاہور (این این آئی) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اور اسکے ساتھیوں نے جس طرح مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کیا، انکے چہرے سے قدرت نے اس نقاب کو اتار پھینکا۔ ٹوئٹر بیان میں انہوں نے کہاک ہ نقاب اترنے کے بعد ان کا جو مکروہ چہرہ سامنے آیا ہے، وہی ان کی سب سے بڑی سزا ہے۔ حرمِ پاک مدینہ منورہ میں پی ٹی آئی کی قیادت کی سرپرستی میں ہونے والی بے ادبی سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والے تڑپ کر رہ گئے۔ مجھے غصے میں بھرے سینکڑوں پیغامات موصول ہوئے کہ حکومت ایکشن کیوں نہیں لے رہی۔ حکومت کا ایکشن سیاسی انتقام تصور ہو گا اور یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے احاطے میں مریم اورنگزیب کو گالی دی گئی۔ اس سے بڑی بدبختی کیا ہو سکتی ہے کہ مغفرت کی راتوں میں، دنیا کی پاک ترین جگہ پر، پاک ترین ہستی کے در اقدس پر رحمتیں اور مغفرت سمیٹنے کی بجائے انسان دونوں جہانوں کی ذلتیں سمیٹ آئے؟۔سیاسی انتقام نہیں ہو گا‘ اس کا ہرگز یہ مطلب نہ لیا جائے کہ قانون اپنا راستہ نہیں لے گا‘ ریاست کا فرض ہے کہ فتنے کو کچلے۔