کراچی (نیوز رپورٹر) پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی کے والدین نے پولیس پر عدم تعاون کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں نمرہ کاظمی کے والدین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جہاں متاثرہ والدین نے پولیس پر تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نہ بیٹی سے ملنے دیا جارہاہے نہ ہی کوئی خبردی جا رہی ہے، عدالت سے استدعا کی کہ تفتیشی افسر سے کیس سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کی جائے۔جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی جاوید علی کوریجو نے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا اور مکمل پیش رفت رپورٹ ساتھ لانے کا حکم دیا۔اس سے قبل درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نمرہ کی عمر بھی اٹھارہ سال سے کم ہے اور زبردستی شادی کرائی گئی۔خیال رہے کہ نمرہ کاظمی بیس اپریل کو کراچی کے علاقے سعود آباد ایس ون ایریا سے لاپتہ ہوئی تھی، والدہ کا کہنا تھا کہ وہ صبح نو بجے کام سے گئی واپس گھر آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
پولیس پر عدم تعاون کا الزام، نمرہ کے والدین نے عدالت سے رجوع کرلیا
Apr 30, 2022