قومیں تباہ ہوئی جنہوں نے انصاف،ناپ تول میں کجی کی:حسین محی الدین

لاہور( خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع المنہاج بغداد ٹاؤن لاہور میں شہر اعتکاف  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناپ تول میں کمی کرنے والی قوموں پر ظالم حکمران مسلط کردیئے جاتے ہیں۔ حضور نبی اکرم ؐ نے ارشاد فرمایا تم سے پہلے قومیں اس لئے تباہ ہوئیں کہ جب ان میں کوئی غریب جرم کرتا تو اس پر حد جاری کی جاتی اور اگر کوئی بڑا یا وڈیرا جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیا جاتا تھا۔جب قوموں کے اندر نظام انصاف اور میزان انصاف میں کجی آ جائے اور اللہ اور اس کے رسولؐ کی بات کو سنی ان سنی کیا جائے۔ اللہ سے ناطہ کٹ جائے تو پھر اس کا نتیجہ قدرتی آفات، مصائب و آلام،، سیلاب، قحط سالی، غربت و افلاس، بد امنی، دہشت گردی خانہ جنگی، دشمنی اور خوف و ہراس کی صورت میں نکلتا ہے۔ ایسی قومیں دشمن کے خوف و دبدبہ اور حملوں سے دوچار رہتی ہیں۔حضور نبی اکرم ؐ نے امت کی توجہ بارہا اس مسئلہ کی طرف کروائی کہ اپنے گناہوں کو ترک کردو، اپنے حالات، اپنے اخلاق سنوار لو۔ اس سے پہلے کہ اللہ رب العزت کی گرفت اتر آئے، آخرت کے اندر بھی اس کے عذاب کے مستحق ٹھہرو اور دنیا میں بھی آفات و بلیات کے مستحق ٹھہرو۔

ای پیپر دی نیشن