لاہور(وقائع نگار)سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ڈویژنل ایس پیز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پولیسنگ محض ایک ملازمت نہیں بلکہ لائف سٹائل ہے‘ ہمارا اوڑھنا بچھونا مظلوم کی فوری داد رسی اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی ہے۔ لا اینڈ آرڈر اورکرائم کنٹرول میں ایس پیز کا اہم ترین کردار ہے۔ عزت صرف اچھی کارکردگی میں ہے لہذا ایس پیز پروفیشنل انداز میں متحرک ہوں،کرائم کنٹرول اور شہریوں کی دادرسی پر فوکس کریں۔ ایس پیز ڈکیتی مرڈر،بلائنڈ مرڈر،دہرے تہرے قتل، زیادتی سمیت سنگین واردات ہونے پر فوری جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ مقدمات کا فوری اندراج اور میرٹ پر تفتیش تمام مسائل کا واحد حل ہے۔مقدمات کے اندراج بارے خود روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ اور ایس پیز سے رپورٹ لیں گے۔ ایس پیز کا ہمہ وقت رابطہ میں رہنا اور فوری ریسپانڈ مثبت پولیسنگ کے بنیادی تقاضے ہیں۔ زیر التوا کیسز میں تاخیر اہم مسئلہ ہے۔ایس پیز انوسٹی گیشن تفتیشی افسران کیساتھ باقاعدگی سے بیٹھیں اور زیر التوا مقدمات کی تفتیش نمٹائیں۔ آئی جی آفس، فرنٹ ڈیسک،سی سی پی او آفس سے موصولہ شکایات کی بروقت داد رسی بھی یقینی بنائی جائے۔ پولیس افسر قبضوں کے معاملات سے دور رہیں اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹارگٹ پورا کریں۔ عید الفطر کے موقع پر عبادت گاہوں اور شہریوں کو بھرپور تحفظ اور سکیورٹی فراہم کی جائے۔ ایس پیز کائٹ فلائنگ، ہوائی فائرنگ اور تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون تیز کریں۔پولیس کی اصل اے سی آر اچھی بری کارکردگی کے حوالے سے عوامی رائے ہے۔
پولیس محض ملازمت نہیں ‘لائف سٹائل ‘اوڑھنا بچھونا ہے : سی سی پی او
Apr 30, 2022