چین کا گوادر تا کاشغر ریلوے منصوبہ اور آہنی دوستی کا عزم

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے امورخارجہ کمشن کے ڈائریکٹر وانگ یی نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا پاکستانی فوج چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی کی مضبوط محافظ ہے۔ انہوں نے چین کیساتھ دوستانہ پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر پاکستانی انتظامیہ اور تمام سیاسی جماعتوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سا  لمیت کے تحفظ ، اتحاد، استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے چین بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ اسکے علاوہ چین نے سی پیک منصوبے کے تحت گوادر سے کاشغر تک 58 ارب ڈالر کا ریلوے لائن کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ پیش کردیا جس کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ یہ منصوبہ تجارت اور جیوپولیٹکس کو نئی شکل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاک چین بے مثال دوستی پوری دنیا میں ضرب المثل بن چکی ہے جس کی مزید مضبوطی اور پائیداری کیلئے دونوں ملکو ںکی سیاسی اور عسکری قیادتیں کوشاں نظر آتی ہیں۔ چند روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چین کا دورہ کیا جس میں پاکستان اور چین کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جو اس امر کا ثبوت ہے کہ خطے میں بھارتی ریشہ دوانیوں اور بیرونی مداخلت کے خاتمے کی ضمانت صرف پاکستان اور چین دفاعی تعاون ہی دے سکتا ہے اسی لئے پاکستانی فوج چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی کی مضبوط محافظ تصور کی جاتی ہے۔ گزشتہ روز چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر تا کاشغر تک ریلوے لائن کا سب سے بڑا منصوبہ پیش کیا جس کی فزیبلٹی بھی تیار کرلی گئی ہے۔ یہ منصوبہ مغربی تسلط والے راستوں پر انحصار کم کرنے میں مدد دیگا۔ اسکے علاوہ سی پیک کے تحت خیبر پی کے کو بلوچستان سے ملانے کیلئے ایک میگا پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ سی پیک کے تحت جو منصوبے اب تک پایۂ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں‘ وہ حقیقتاً خطے میں گیم چینجر ثابت ہو رہے ہیں اس سے خطے میں بالخصوص پاکستان میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔ سی پیک پاکستان اور چین کے مابین مزید میٹھی اور مضبوط دوستی کی ضمانت بن رہا ہے جسے بھارت جیسے بدخواہوں کی سازشوں سے بچانے کی اشد ضرورت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن