لاہور (سپورٹس رپورٹر) پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔کیویز کے 337 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس نے 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ویل ینگ اور چیڈ بوویس نے اننگز کا آغاز کیا ۔ 33 رنز پر کیویز کی پہلی وکٹ گرگئی اور ویل ینگ 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔چیڈ بوویس 51 رنز بناپر چلتے بنے، ڈیرل مچل اور ٹام لیتھم نے 183 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 129 رنز بنا کر مچل آؤٹ ہوگئے۔ ٹام لیتھم 98 رنز پرآؤٹ ہوکر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔کیویز نے 5 وکٹوں پر 336 رنز بنائے۔ حارث رؤف نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا ۔ 66 رنز پر جب امام 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔فخر زمان اور بابر اعظم نے 135 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ‘ بابر 65 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، عبداللہ شفیق 7 رنز بناسکے۔ رضوان اور فخرزمان نے 100 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی جس کی بدولت گرین شرٹس نے 337 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ فخر زمان نے 144گیندوں پر ناقابل شکست 180رنز بنائے ۔ انہوں نے6چھکے اور 17چوکے لگائے۔ ان کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیمیں آج کراچی روانہ ہو جائیں گی جہاں سیریز کا تیسرا میچ 3مئی کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان نے پنڈی سٹیڈیم کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنایا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 336رنز بناکر ریکارڈ بنایا تھا۔اس سے قبل سب سے بڑا مجموعہ 6 وکٹوں پر 329 تھا جو پاکستان نے بھارت کیخلاف 2004 میں بنایا تھا۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ بائولر احسان اللہ نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔ شاہین آفریدی نے کیپ پہنائی۔ احسان اللہ کو پاکستان کی جانب سے 242ویں ون ڈے کیپ دی گئی ہے۔
فخرز مان کے ناقابل شکست 180 پاکستان نے نیوزی لینڈکو دوسرا و ن ڈے بھی ہرا دیا
Apr 30, 2023