ریاست سے وفاداری سب سے اہم، دشمن عوام اور فوج میں دراڑ کیلئے سرگرم: آرمی چیف

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عوام و افواج میں دراڑ ڈالنے کی سازشیں کررہا ہے۔ پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاست پاکستان کے ساتھ وفاداری اور افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔ پا ک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطا بق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول (پی ایم اے) میں 147ویں پی ایم اے لانگ کورس، 13ویں مجاہد کورس، 66ویں انٹیگریٹڈ کورس، چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس اور 21ویں لیڈی کیڈٹس کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جن میں فلسطین، بحرین، عراق، قطر اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کا کول اکیڈمی میں147ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ آرمی چیف کے کا کول اکیڈمی  آمد پر کمانڈنٹ پی ایم اے نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے پریڈ کا جائزہ لیا اور کیڈٹس کو ایوارڈز دئیے۔ اعزازی تلوار اکیڈمی کے سینئر انڈر آفیسر عبداللہ بن طارق اور 147ویں پی ایم اے لانگ کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر علی عامر کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سری لنکا سے بٹالین سپورٹس سارجنٹ پاسندو دیانند کو دیا گیا۔ آرمی چیف کین 13ویں مجاہد کورس کے کورس انڈر آفیسر محمد عدنان منور، کمانڈنٹ کین 66ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کورس انڈر آفیسر عادل علی، 21ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی کورس سارجنٹ میجر فاطمہ خالد اور 6ویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کورس انڈر آفیسر سلمان خان کو نوازا گیا۔کاکول اکیڈمی میں 147ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی  پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن عوام و افواج میں دراڑ ڈالنے کی سازشیں کر رہا ہے، پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاست پاکستان کے ساتھ وفاداری اور افواج کو تفویض کرد ہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، ظاہر اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں فرق رکھنا ہو گا۔ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ  ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ عالمی برادری جان لے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے بغیر علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔ دورانِ خطاب آرمی چیف جنر ل سید عاصم منیر نے قرانِ مجید کی سورہِ بقرہ کی آیت کریمہ کے ایک حصے کی تلاوت کی، جسکا ترجمہ ہے کہ کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہیں۔ کشمیر کئی دھائیوں سے آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔ آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو اہم تربیتی ادارہ پی ایم اے میں تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔

ای پیپر دی نیشن