ملک کا مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ بھی لٹیروں سے بچ نہ سکا، جہاں ڈاکوؤں نے ایک سیاح فیملی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیر و تفریح کی غرض سے بابوسر جانے والی ایک فیملی کو بابوسر روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے نقاب پوش افراد نے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا۔پولیس کو دی گئی رپورٹ کے مطابق 2 نامعلوم مسلح ڈاکو سیاح فیملی سے موبائل فونز اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز سہ پہر کو پیش آیا۔ شکایت کنندہ عرفان حسین کا کہنا تھا لٹیروں نے انھیں روک کر ہوائی فائرنگ کے ذریعے انھیں ڈرایا۔متاثرہ فیملی کا تعلق راولپنڈی کی تحصیل گجرخان سے ہے، جس نے مقامی تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بابوسر روڈ پر مسافروں سے لوٹ مار کا سلسلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے۔