اسلام آباد‘شیخو پورہ (نمائندہ نوائے وقت‘نامہ نگارخصوصی )وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کی فرض شناسی،نظم و ضبط اور کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ادارے کی شہرت اپنی مثال آپ ہے جس پر ہر شہری رشک کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پر بوجھ بننے کی بجائے موٹروے پولیس کو مالی لحاظ سے خود مختار بنانے اور اپنے وسائل میں خود اضافہ کرنے کے قابل بنائیں گے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے کالج میں پروبیشنر کورس پاسنگ آٹ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے ہیں جہاں وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود، آئی جی موٹرویز سلیمان چوہدری،کمانڈنٹ سید حشمت کمال اور سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے جبکہ موٹروے پولیس کے 189اور ایف آئی اے کے100افسران نے اس پاسنگ آٹ میں شرکت کی جن میں 26خواتین افسران بھی شامل تھیں ۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاسنگ آٹ میں شریک 289افسران کے لئے ایک ماہ کی اضافی تنخواہ کا اعلان کیااور نمایاں کارکردگی کے حامل پٹرولنگ افسران میں انعاما ت اور شیلڈز تقسیم کیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پریڈ کا معائنہ کیا جہاں انہیں دستوں نے سلامی پیش کی۔عبدالعلیم خان نے بالخصوص خواتین افسران کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹیوں کا اس فیلڈ میں نام پیدا کرنا اور عوام کی حفاظت کے لئے آگے آنا لائق تحسین ہے۔اس موقع پر کمانڈنٹ سید حشمت کمال نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
موٹروے پولیس کی فرض شناسی قابل ستائش‘ مالی طور پر خود انحصار بنائیں گے:علیم خان
Apr 30, 2024