لاہور؍ شیخوپورہ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ نامہ نگار خصوصی) مال روڈ پر پولیس نے احتجاج کرنے پر کسان اتحاد پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے درجنوں کسان گرفتار کر لئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے کسان اتحاد پر ہلہ بول دیا، پولیس کی بھاری نفری نے درجنوں کسان گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیئے۔ خالد مسعود سندھو کا کہنا ہے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے انتقامی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں، کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کسانوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کسان رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ مرکزی مسلم لیگ پنجاب بھر میں احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہو گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو چاہئے کہ کسانوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عمل کریں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گندم درآمد کے غلط فیصلے سے آج کسان پریشان ہیں، جس افلاطون نے یہ فیصلے کیے اسے سزا ملنی چاہیے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نگراں حکومت گندم کی درآمد کے غلط فیصلے کر گئی۔ ایک ارب ڈالر کی گندم منگوا لی گئی، ملک میں وافر گندم موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ تھا اس سال گندم وافر ہو گی، اداروں کے پاس اعداد و شمار تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاسکو کا خریداری کا ہدف بڑھا دیا ہے، صوبوں کو بھی کسانوں سے بات چیت کرنی چاہیے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کسی صورت میں بھی کسانوں اور زمینداروں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ کسانوں کے مسائل کے تدارک کے لیے میں نے قومی اسمبلی میں بھی آواز بلند کی ہے اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ بھی لکھا ھے چند دنوں صوبائی حکومتیں گندم کی خریداری کر رہی ہے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، اپنی اقامت گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس موقع پر سابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر، سابق ٹکٹ ہولڈر چودھری ارشد ورک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ایرانی صدر ابرہیم ریئسی کا دورہ پاکستان نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے اس سے تجارت کو فروغ ملے گا اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا۔
مال روڈ پر پولیس کا لاٹھی چارج ، صدر کسان بورڈ سمییت درجنوں گرفتار
Apr 30, 2024