ریاض/ اسلام آباد (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سیری اتاما حاجی محمد بن حاجی حسن سے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے فروغ کیلئے خصوصی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ وسیع تر تعلقات کا جائزہ لیا اور مشترکہ وزارتی کمشن کے اگلے دور کے اجلاس رواں سال کے دوران اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا گیا۔ غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں فریقین نے فوری طور پر مخاصمت کے خاتمے اور فلسطینیوں کو فوری انسانی امداد فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے او آئی سی کے فریم ورک کے اندر قریبی تعاون کی بھی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میں بین الاقوامی سعودی کمپنی آرامکو کے سی ای او امین ایچ ناصر سعودی الیکٹرک کمپنی اکوا پاور کے چیئرمین محمد اے ابونا ہان نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اسحاق ڈار کی ملائشین ہم منصب اور سعودی وزیر توانائی سے ملاقاتیں
Apr 30, 2024