بشام چینی انجینئر حملہ کے4دہشت گرد گرفتار‘ٹانک سکیورٹی فورسز آپریشن میں4 ہلاک

Apr 30, 2024


پشاور+ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ انسداد دہشت گردی نے بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خودکش حملے میں ملوث ٹی ٹی پی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی خیبرپی کے کے مطابق چار اہم دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ حملے کا مرکزی ملزم عادل شہباز ہے جس کا تعلق جلال آباد افغانستان سے ہے۔ عادل شہباز سمیت واقعہ میں ملوث تمام ملزم محمد شفیق قریشی، زاہد قریشی اور نذیر حسین مانسہرہ کے رہائشی ہیں۔ سی ٹی ڈی خیبر پی کے نے کہا کہ عادل شہباز نے کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک ہونے اور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ 26 مارچ کو بشام میں چینی انجینئرز کی بس پر خود کش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ادھر سکیورٹی فورسز  نے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس  کی بنیاد پر آپریشن کے دوران چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر نے  بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا۔ ہلاک دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو  سراہا۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں