نااہل کرپٹ افسروں کی خیر نہیں ڈ لیور کرنے والاہی عہدے پر رہیگا مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا طرز حکومت‘قابلیت، دیانت اور میرٹ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اہم عہدوں پر میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر افسروں کی تعیناتیاں یقینی بنانے کیلئے متحرک، کئی گھنٹوں تک مختلف عہدوں پر تعیناتی کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔ ہر عہدے کیلئے کم از کم تین امیدواروں کے پینل کا انٹرویوکیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ فیورٹ ازم اور سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کیلئے اہم عہدوں پر تعیناتی کے عمل کی مانیٹرنگ خود کروں گی۔ پنجاب میں صرف اور صرف میرٹ پر تعیناتیاں ہوں گی۔  گڈ گورننس کیلئے ''رائٹ پرسن اِن رائٹ پلیس'' کی پالیسی پر سختی سے عمل کراؤں گی۔ نااہل اور کرپٹ افسروں کی خیر نہیں، جو ڈلیور کرے گا وہی عہدے پر رہے گا۔ گورننس میں بہتری کے نمایاں آثار نظر آنا شروع ہوچکے ہیں۔ ہر محکمے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کیلئے ریگولر میٹنگز لے رہی ہوں۔  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چلڈرن ہسپتال لاہورکا  پہلا دورہ کیا اور ہسپتال میں کڈز ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا۔ چلڈرن ہسپتال میں نیا آئی سی یو یونٹ بنانے کا اعلان کیا اور فنڈز کے اجراء اور جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں چلڈرن ہسپتال بنانے اور چلڈرن ہسپتال لاہور سے لنک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کو چلڈرن ہسپتال کا متواتر وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے اسلامک (ایڈ) یو کے اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے درمیان کالج بلاک کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، وی سی ڈاکٹر مسعود صادق اور چیئرمین اسلامک (ایڈ) محمودالحسن نے ایم او یو پر دستخط کئے۔  وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسلامک (ایڈ) یو کے کے اشتراک پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈے کئیر سنٹر کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بچوں کو پیار کیا اور پھول پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈے کیئر سینٹر کے سٹاف کو بچوں کا بہت خیال رکھنے کی ہدایت کی اور سٹاف کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے چلڈرن اینڈوکرنالوجی وارڈ اور نومولود بچوں کے وارڈ کا بھی دورہ کیا اور والدین سے بات چیت کی۔  ایم ایس کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔  وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کے والدین سے طبی سہولتوں اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں استفسار کیا۔ مریض بچے کی والدہ نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملنے کا بہت شوق تھا، آج بہت خوش ہوں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈاکٹر اور نرسوں سے بھی بات چیت کی اور ان کی تجاویز سنیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت پرعزم ہے۔ دور دراز علاقے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی پوری کی جائے۔ ایک ایک پیسہ قوم کی امانت ہے، علاج کی بہترین سہولتوں پر خرچ کریں گے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں عوام کیلئے بہترین ہسپتال بنانا چاہتے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلیمان رفیق، ایم پی اے ثانیہ عاشق، ڈاکٹر عدنان خان، سیکرٹری ہیلتھ علی جان، سیکرٹری انفارمیشن احمد عزیز تارڑ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، چیئرمین اسلامک (ایڈ) لندن محمود الحسن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف (Jakob Linulf) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں مریضو ں کو انسولین اورگلوکو میٹر سٹرپس تک آسان رسائی مہیا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریضوں کو مفت انسولین مہیا کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال بھی ہوا۔ ڈنمارک کے سفیر جیکب لینلف نے مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیر علیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انرجی، صحت، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے،کاربن کریڈٹس اور دیگر امور میں تعاون کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ باہمی تعلقات کی 75ویں سالگرہ ملکر منانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ ڈینش سفیر نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو ڈنمارک کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شکریہ ادا کیا اور ڈنمارک کے دورے کی دعوت قبول کرلی۔ پنجاب میں سولر اور ونڈ پاور سے بجلی پیدا کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پنجاب میں لانگ ٹرم انرجی کی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈینش انرجی پلاننگ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے، انرجی کے لئے مقامی وسائل پر انحصار ضروری ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور کاربن کریڈٹس کے لئے سڑکو ں کے کنارے درخت لگا رہے ہیں۔ پنجاب میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کے پہلے آئی ٹی سٹی کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسائل کے حل کے لئے ٹرانسپوٹ کو جدت کی راہ پر گامزن کررہے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں قائد محمد نوازشریف کے خاطرخواہ اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی میں کمی آئی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، مذہبی انتہا پسندی کا سدباب کریں گے۔ ڈینش سفیر جیکب لینلف نے کہا کہ پاکستان میں ناقابل یقین کاروباری مواقع اور صنعتی ترقی کا پوٹینشل موجود ہے۔ پنجاب کو ایسی ہی متحرک اور سرگرم خاتون وزیراعلیٰ کی ضرورت تھی۔

ای پیپر دی نیشن