پاکستانی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں، جیسن گلیسپی ، گیری کرسٹن کا عزم

Apr 30, 2024

 لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچز جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن نے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں۔پی سی بی پوڈ کاسٹ کے 48 ویں ایڈیشن میں جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کی خصوصی گفتگو کی ۔جیسن گلیسپی نے کیپ ٹاؤن سے پی سی بی کی ڈیجیٹل ٹیم کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے، یہ آپ کے کھیل کے ہر حصے کو جسمانی اور ذہنی طور پر جانچتی ہے، یہ تکنیک کی جانچ کرتی ہے اور یہ حقیقی امتحان ہے، کھلاڑی اپنے سر پر اپنے ملک کی کیپ سجانا چاہتے ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس انداز کی کرکٹ کھیلے جو ان کے مطابق ہو، میرے لیے یہ اہم ہے، میرا فلسفہ یہ ہے کہ آپ ایسی چیز بننے کی کوشش نہ کریں جو آپ نہیں ہیں۔یہ آپ کی مہارت، ذہنی صلاحیت اور صبر کا امتحان ہے۔جیسن گلیسپی نے کہاکہ میں محنتی کھلاڑی پسند کرتا ہوں اور نظم و ضبط پر یقین رکھتا ہوں، ہم ایک تفریحی کاروبار میں ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ ہم شائقین اور اپنے حامیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں، میں گیمز کھیلنا چاہتا ہوں، پرفارمنس پیش کرنا چاہتا ہوں، جس کا کچھ مقصد ہو اور سب سے اہم بات میں جیتنا چاہتا ہوں۔

مزیدخبریں