گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث شہر بھر کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، سائن بورڈ گرنے سے دو افراد زخمی جبکہ سول ہسپتال کی چھت سے بارش کا پانی ٹپک کر ایمرجنسی وارڈ تک پہنچ گیا۔ موسلا دھار بارش ہونے سے شہر بھر کی سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا جو ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ٹریفک کی روانی متاثر جبکہ تیز آندھی کے باعث سیٹلائٹ ٹائون مارکیٹ سمیت مختلف مقامات پر سائن بورڈ گر گئے۔جناح روڈ پر سائن بورڈ گرنے سے 17سالہ ظہیر اور سالہ زہرہ بی بی زخمی ہوگئے۔ سول ہسپتال کی چھت سے پانی ٹپک کر ایمرجنسی وارڈ تک پہنچ گیا،وہاں پر موجود مریضوں کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ہسپتال انتظامیہ نے بارش کا پانی نکالنے کیلئے فوری طور پر صفائی شروع کر دی ۔علاوہ ازیں مرالی والہ میں طوفانی بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی جسکے نتیجے میں دو افراد آصف اور جاوید ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ۔