خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیےمعاہدے پر دستخط کردئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق خصوصی ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (STZA) اورخیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) نے پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کے لیے 8 بلین روپےکی مالیت کے زون ڈویلپمنٹ معاہدے پر دستخط کیے۔اس سے قبل نیسپاک اورنیشنل لاجسٹک سیل کی زیر نگرانی پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں 1642 ملین روپےکی سرمایہ کاری ہو چکی ہےجو خیبرپختونخوا کے دوررس آئی ٹی ویژن کی عکاسی کرتی ہے ۔ پاکستان ڈیجیٹل سٹی منصوبےکا تقریباً 30 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے،جوخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ہری پور میں جاری یہ منصوبہ 11 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو 2026ء میں مکمل طور پر فعال ہو جائیگا۔ یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا خصوصی ٹیکنالوجی زون ہوگاجس کے تحت 4 ہزارتک آئی ٹی سٹارٹ اپس قائم ہوسکیں گے اور آئی ٹی برآمدات میں 50 ملین ڈالر تک اضافہ ہوگا۔پاکستان ڈیجیٹل سٹی ملک کا اولین ٹیکس فری زون ہوگا جس میں کام کرنے والی تمام کمپنیاں آئندہ دس سال تک ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگی۔صوبہ خیبرپختونخوا کی 50 فیصد آبادی 30سال سے کم عمرکی ہےجس میں سالانہ 6 ہزار آئی ٹی گریجویٹ کا اضافہ ہو رہا ہے۔اس منصوبےسےنہ صرف آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ آئی ٹی گریجویٹس کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔