عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان سمیت کسی سے رابطہ نہیں ہے، آئندہ 2 ماہ میں سیاست اپنا رنگ دکھائے گی۔ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں نائب وزیراعظم کی کوئی گنجائش نہیں، نائب وزیر اعظم جاتی عمرہ کا آئین ہے، ملک میں آئندہ 2 ماہ بہت اہم ہیں، اس دوران سیاست اپنا رنگ دکھائے گی۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان سمیت کسی پی ٹی آئی رہنما سے رابطہ نہیں، پی ٹی آئی کے مذاکرات پر شبلی فراز ہی کچھ کہہ سکتے ہیں تاہم 9 مئی کے جو بے گناہ ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، حکومت کو پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ شیخ رشید احد کا کہنا ہے کہ عدلیہ کو لفافوں میں پاؤڈر بھیج رہے ہیں، کسان اور صنعت کار رو رہے ہیں، ابھی تک ایک کلو گندم نہیں خریدی گئی، جہازوں سے گندم منگوائی جارہی ہے، جہاز کراچی گندم پھینک کر جا رہے ہیں، نیب گندم سکینڈل کا فوری نوٹس لے۔ علاوہ ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ مولانا فضل الرحمان نے ٹاپ گیئر لگایا ہوا ہے، میرا عمران خان سے تعلق تھا اور ہے، نوازشریف روٹیاں اور نالے چیک کرنے آئے ہیں، عوام صرف 2 مہینے انتظار کریں کیوں کہ ان 2 ماہ میں موجودہ حکومت کی کارکردگی ایکسپوز ہوجائے گی اور 2 ماہ میں اہم فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ لوگوں کے گھروں میں کھانے کو بھی کچھ نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں فوجیوں پر کوئی بات نہیں کرتا، میرے خلاف کیس وزیر خارجہ کو بلو رانی کہنے پر بنایا گیا ہے، میرے اوپر الزام لگایا گیا ہے کہ میں نے بلو رانی کا نام استعمال کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری جب وزیر خارجہ تھا تو اس وقت میرے خلاف شکایت کرتا تو کیس کی بات تھی، اگر اس پر سزا بنتی ہے تو دے دیں، بلاول کے خلاف میں نے کوئی غلیظ یا غلط زبان استعمال نہیں کی۔