ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے جنوری سے اپریل کے دوران ڈائریکٹوریٹ میں پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے رجسٹریشن اور ان کی تجدید کے لیے جمع کروائی گئی درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے 55نئے اسکولوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیے۔
84اسکولوں کی رجسٹریشن کی اسپیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تجدید کی گئی ہے اور 74اسکولوں کو دستاویزات اور دیگر معاملات کی کمی کے باعث خطوط جاری کیے گئے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ 10نئے اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر کے ان اسکولوں کے مالکان کو خطوط جاری کر دیے گئے ہیں کہ وہ اپنے اسکولوں کو ایسی عمارتوں میں منتقل کریں جو محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کیے گئے معیار پر پورا اترتی ہوں۔اسی طرح 2ہائر سیکنڈری اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو مسترد کر کے سیکنڈری اسکول اور 3سیکنڈری اسکولوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں کو ایلیمنٹری اسکولز کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا ہے کیوں کہ یہ اسکولز ہائر سیکنڈری اور سیکنڈری کے معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔ڈائریکٹوریٹ نے گزشتہ چار ماہ میں والدین، طلبہ، اساتذہ اور دیگر ذرائع کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے 318درخواستوں میں سے 288رولز کے مطابق حل کی ہیں جبکہ باقی درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔اسی طرح والدین اور طلبہ کی جانب سے ان کے نام، والدکے نام، تاریخ پیدائش کی تصیح کے لیے جمع کروائی گئی 71درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے آرڈر جاری کر دیے گئے۔