الیکشن کمیشن کی سینیئرجوائنٹ سیکرٹری افضل خان کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی نے آج نو ارکان اسمبلی کو جعلی ڈگریوں کے سلسلے میں بلایا تھا۔ ان تمام ارکان میں سے صرف ایک سابق رکن اسمبلی جاوید حسنین شاہ کمیٹی کےسامنے پیش ہوئے۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی سلمان محسن، صائمہ عزیز، خلیفہ عبدالقیوم اور کشورکمار کے نمائندے کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ تاہم اسرار اللہ زہری، ہمایوں عزیز کرد، شمع پروین مگسی اور گلستان خان نہ تو خود پیش ہوئے نہ ہی ان کا کوئی نمائندہ آیا۔ کمیٹی کے سربراہ افضل خان نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ہزار اسی میں سے چارسو پنتیس اسناد کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جن میں انچاس جعلی، پندرہ کے عدالتوں میں مقدمات جبکہ تین سو اکہتر ڈگریاں اصلی ہیں۔انہوں نےکہا کہ جعلی ڈگری ثابت ہونے والے ارکان نے الیکشن کے اخراجات اور مراعات واپس نہ کیں تو ان کی جائیداد قرق کرلی جائےگی۔ ادھرحلقہ این اے ایک سو چوراسی کے امیدواروں کی الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ خدیجہ عامر کو تیر کا نشان الاٹ ہوگیا ہے۔