نیویارک (آن لائن)دفاعی چیمپئن اینڈی مرے، چین کی لی نا اور مارٹن ڈیل پوٹرو یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکہ کی وینس ولیمز کا سفر اپ سیٹ شکست کے بعد دوسرے راؤنڈ میں ختم ہو گیا۔نیویارک سٹی میں ہونیوالے سیزن کے آخری گرینڈ سلیم کے تیسرے روز بارش کے باعث اکثر میچوں کو ملتوی کر دیا گیا۔ تاہم دیگر ہونیوالے مقابلوں میں ویمنز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں چین کی لی نانے سویڈن کی صوفیہ کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ صوفیہ کی فتح کا سکور چھ دو اور چھ دو رہا۔ امریکہ کی وینس ولیمز کو چین کی زینگ جی سے اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔ چین کی زینگ جی نے تین گھنٹوں کے مقابلے کے بعد امریکی حریف کو چھ تین، دو چھ اور سات چھ سے ناک آؤٹ کیا۔ مینز سنگلز میں دفاعی چیمپئن بر طانوی سٹار اینڈی مرے نے فرانسیسی حریف مائیکل لیوڈرا کے خلاف با آسانی کامیابی حاصل کی۔ سابق چیمپئن ارجنٹائن کے یوان مارٹن ڈیل پوٹرو نے سپین کے گارسیا لوپز کو ٹائی بریک پر زیر کیا۔ ڈیل پوٹرو کو چار گھنٹے اور تیرہ منٹ کے طویل مقابلے میں چھ تین، چھ سات، چھ چار اور سات چھ سے کامیابی ملی۔ بیلاروس کی سیکنڈ سیڈ وکٹوریہ آزارینکا، جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹوا اور سربیا کی اینا آئیوانوچ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنا شاندار آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ سمانتھا سٹوسر، نادیہ پیٹروا اور ڈومنیکا کیبلکوا ابتدائی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔