لاہور(سپورٹس رپورٹر) نویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ آج کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کا مقابلہ کوریا سے جبکہ بھارت کا مقابلہ میزبان ملائیشیا سے ہوگا۔ پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور ملائیشیا کے درمیان 6 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول نے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لیے تمام کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر پوری طرح تیار ہیں، انشااﷲ قوم کی دعاوں سے پاکستان ٹیم سیمی فائنل اور فائنل میں کامیابی حاصل کرئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے تینوں لیگ میچوں میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا ہے ذاتی طور پر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے ابھی تک مطمیئن ہوں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑی اس تسلسل کو اگلے آخری دونوں میچوں میں بھی برقرار رکھیں۔ اختر رسول کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کامیاب ہو گئی تو اس کا بھارت کے ساتھ فائنل میں مقابلہ ہونے کا زیادہ امکان ہے۔ سیمی فائنل میچ بھی ہمارے لیے فائنل میچ ہے۔ کوریا کی ٹیم کو کسی صورت آسان نہیں لینگے مضبوط حکمت عمل کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے فائنل تک جیتنا ضروری ہے۔ کھلاڑیوں کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابقہ میچوں والی کارکردگی دہرانا ہوگی۔
ایشیا ہاکی کپ : پاکستان کا آج سیمی فائنل میں کوریا سے مقابلہ ۔۔ ڈٹ کر کھیلیں گے : کوچ اختر رسول
Aug 30, 2013