لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ باولر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف پاکستان ٹیم پہلا میچ جان بوجھ کر ہاری تھی تاہم دوسرے میچ میں کامیابی نے سیریز میں جان ڈال دی ہے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے تیسرا ون ڈے بھی پاکستان کے نام ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حیرانگی اس بات کی ہے کہ پاکستان ٹیم کا باولنگ اٹیک انتہائی مضبوط ہونے کے باوجود زمبابوے ٹیم کا دو سو سے زائد رنز سکور کرنا ہے۔ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ٹیم کے بلے بازوں نے بڑا سکور کیا تھا جس کی بنا پر زمبابوے ٹیم کے لیے 300 رنز کا ہدف حاصل انتہائی مشکل تھا۔ جنید خان اور سعید اجمل نے دوسرے ایک روزہ میچ میں اچھی باولنگ کا مظاہرہ کیا۔ سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی روانگی سے قبل جان بوجھ کر ایسے بیانات دیئے جا رہے تھے کہ زمبابوے ٹیم آسان حریف نہیں ہے۔ پہلے میچ میں شکست کو یہ بیانات مشکوک بنا رہے ہیں۔