قومی ہاکی کھلاڑیوں نے غیرملکی لیگوں سے معاہدے کر لئے

Aug 30, 2014

لاہور(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے گذشتہ 10 ماہ سے ایک بھی انٹرنیشنل میچ نہ ملنے اور مستقبل میں بھی ہاکی کی بین الاقوامی سرگرمیاں محدود ہونے کی بنا پر غیر ملکی لیگوں کے ساتھ معاہدے کرلئے ہیں۔ اگلے ماہ کوریا میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز کے بعد پاکستان کے 6 سینئر اور  5 جونیئر کھلاڑیوں نے ہانگ کانگ، ہالینڈ اور انگلینڈ کی لیگز میں معاہدے کر لئے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے غیر ملکی لیگوں کے لئے این او سی حاصل کر لیا ہے۔ پی ایچ ایف نے اس شرط پر کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو جب بھی ان کی خدمات درکار ہونگی کھلاڑیوں کو پہلی ترجیح پاکستان کو دینا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ایم عمران سمیت جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں جن میں علیم بلال، اسد، سلمان جونیئر شامل ہیں نے ہانگ کانگ لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ ہانگ کانگ لیگ مئی 2015ء تک کھیلی جانی ہے۔ جس کے لئے کپتان ایم عمران کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس میں وہ ہانگ کانگ کی کلب سنگ صبا کی نمائندگی کرنے کے علاوہ کلب کے نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ کا بھی فریضہ انجام دینگے۔ جونیئر کھلاڑی جن کے ساتھ ہانگ کانگ لیگ کی انتظامیہ نے مختلف معاہدے کیے ہیں جو 7 سے 10 ہزار ڈالر تک کے ہیں۔ پاکستان سینئر ٹیم کے تین کھلاڑی جن میں راشد محمود، رضوان سینئر اور فرید احمد کا ہالینڈ لیگ کے ساتھ معاہدہ میں تجدید ہوئی ہے جبکہ عمر بھٹہ اور عرفان سینئر انگلینڈ لیگ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے این او سی حاصل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے گذشتہ دس ماہ سے ایک بھی اٹنرینشنل میچ اور ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی ہے جبکہ ایشین گیمز کے بعد بھی قومی ٹیم کی بین الاقوامی مصروفیات کا بھی کوئی شیڈول طے نہیں ہے۔

مزیدخبریں