نئی دہلی(آن لائن + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے صبر کا امتحان لے رہا ہے، سرحدوں پر تعینات فورسز کو احکامات جاری کردئیے گئے کہ گولہ باری کے دوران کسی بھی صورت میں سفید جھنڈوں کو نہ لہرایا جائے بلکہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لکھنو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ پاکستانی رینجرز گولہ باری کے دوران مجاہدین کو اس طرف دھکیل رہے ہیں اور گذشتہ ایک ہفتے سے گولہ باری شروع ہونے کیساتھ ساتھ بی ایس ایف اہلکاروں نے 16 مرتبہ سفید جھنڈے لہراکر سرحدوں پر امن و امان بحال کرنے کیلئے پاکستانی رینجرز پر زور دیا تاہم پاکستان بھارت کے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی آبادکاری کے ضمن میں مرکزی حکومت کی جانب سے پیکیج کا اعلان کیا گیا اور 5 ستمبر کو ریاست کے دوروں کے دوران کشمیری پنڈتوں کو خوشخبری سنائی جائیگی۔ پرویز مشرف کی جانب سے بھارت کو دھمکی دینے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا پاکستان کے سابق صدر کی دھمکیوں سے بھارت مرعوب ہونے والا نہیں ہے۔ پاکستان نے بھارت کیخلاف درپرہ جنگ شروع کررکھی ہے اسے آخری بار متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ باز آجائے۔ جس دن بھارت کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا پاکستان کو پیچھے ہٹنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا جائیگا۔ مزید براں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کو متنازعہ بنانے کی کوشش پر افسوس ہے۔ پاکستان نے سیکرٹری خارجہ مذاکرات سے پہلے کشمیری رہنمائوں سے بات چیت کی۔ پاکستان کے ساتھ پرامن، دوستانہ اور دوطرفہ تعلقات کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ پاکستان کے ساتھ کارآمد مذاکرات کیلئے دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول ضروری ہے۔ مئی 2014ء میں وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات اچھی رہی۔ نواز شریف کے ساتھ طے ہوا تھا کہ سیکرٹری خارجہ بات چیت جاری رہنی چاہئے۔
مودی/ بھارت