لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر حج لاہور سعید احمد ملک نے کہا ہے کہ حاجی کیمپ لاہور میں عازمین حج کو ٹکٹ اور پاسپورٹ کی فراہمی آج (ہفتہ 30اگست) سے شروع ہو رہی ہے، صوبائی دارالحکومت سے سرکاری سکیم کے حاجیوں کی پہلی خصوصی حج پرواز یکم ستمبر کو شام 5.40بجے روانہ ہو گی، عازمین حج ٹکٹ و پاسپورٹ کے حصول اور ہمراہ لے جانے والی ادویات سر بمہر کروانے کے لئے اپنی اپنی پرواز کی روانگی سے دو دن قبل حاجی کیمپ میں رپورٹ کریں۔ اس موقع پر انہیں چار ضروری دستاویزات لازمی طور پر ہمراہ لانا ہوں گی جن میں بینک کی طرف سے حج واجبات کی وصولی کے بعد درخواست فارم سے علیحدہ کر کے جاری کی جانے والی رسید جس پر حاجی کی تصویر چسپاں ہو‘ وزارت حج کی طرف سے ارسال کیا جانے والا اطلاع نامہ‘ قومی شناختی کارڈکی فوٹو کاپی اور بینک کی طرف سے تصدیق شدہ چار عدد تصاویر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حاجی کیمپ پہنچ کر عازمین وزارت حج کی طرف سے جاری کردہ اطلاع نامہ متعلقہ ائیر لائن کے کائونٹر پر پیش کریں گے جہاں سے ان کے پاسپورٹ اور ٹکٹ ان کے حوالے کر دئیے جائیں گے‘ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاسپورٹ کھول کراس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ اس پر ان ہی کے کوائف درج اور تصویر چسپاں کی گئی ہے، حاجیوں کو اس موقع پر ایک شناختی کارڈ بھی جاری کیا جائے گا‘ اس پر ان کے تمام کوائف اور مکہ میں رہائش کا پتہ‘ مکتب نمبر وغیرہ درج ہو ں گے۔ حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممنوعہ اشیاء اور منشیات وغیرہ ہرگز ساتھ نہ رکھیں کیونکہ سعودی عرب میں منشیات لے جانے کی سزا موت ہے۔
عازمین حج