لاہو ر(کلچرل رپورٹر) جمہوری وطن پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل اور سینئر بلوچ رہنما عبدالرئوف ساسولی نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ بحران سیاسی ناتجربہ کاری کی وجہ سے پیدا ہوا۔ سیاستدانوں کے غلط رویوں کی وجہ سے ملک سیاسی پاگل خانہ بنا ہوا ہے۔ اگر سیاسی رہنما کوئی درمیانی راستہ نکالتے تو مسئلہ حل ہوجاتا مگر افسوس کہ اکثر سیاستدانوں نے باڈی گارڈ کا کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت آفس میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں لچک ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان نے لچک نہیں دکھائی۔ اگر آرمی چیف مصالحت کرا رہے ہیں تو اچھی بات ہے۔ بلوچستان کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا بنیادی مسئلہ تعلیمی پسماندگی ہے۔ بلوچستان کا دوسرا بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ سابق دور میں ہر ایم پی اے کو تین تین ارب روپے ملے اگر یہ رقم ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوتی تو بلوچستان کا منظر تبدیل ہوجاتا۔ ایم پی اے حضرات اور بیورو کریسی نے سرکاری فنڈز کی بندربانٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ جناب مجید نظامی کے انتقال سے صحافت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ جناب مجید نظامی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
سیاستدانوں کے غلط رویوں سے ملک سیاسی پاگل خانہ بنا ہوا ہے: عبدالرئوف ساسولی
Aug 30, 2014