ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں میں فراح نے ”ٹرپل ڈبل“ کارنامہ سرانجام دیدیا

Aug 30, 2015

بیجنگ(سپورٹس ڈیسک) چین کے شہر بیجنگ میں جاری عالمی چیمپیئن شپ میں برطانیہ کے ایتھلیٹ مو فراح نے 5000 میٹر دوڑ میں طلائی کا تمغہ جیت کر تاریخی ’ٹرپل ڈبل‘ کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ مو فراح جو کہ 2012 کے اولمپکس اور 2013 کے علمی مقابلوں میں بھی پانچ ہزار میٹر اور دس ہزار میٹر دوڑ جیت چکے ہیں اور حالیہ عالمی مقابلوں میں وہ پہلے ہی دس ہزار میٹر کی دوڑ جیت چکے ہیں۔ اس طرح انھوں نے تین بار پانچ ہزار اور دس ہزار میٹر دوڑ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔سنیچر کو ہونے والی اس دوڑ میں مو فراح کا آغاز سست تھا اور آخری دو چکروں سے قبل کیلب این ڈیکو برتری حاصل کیے ہوئے تھے۔ تاہم مو فراح کینیا سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ این ڈیکو سے آخری سو میٹر میں تیزی سے آگے نکل گئے۔ برطانوی ایتھلیٹ نے فاصلہ 13 منٹ اور 50.38 سکینڈ میں طے کر کے یہ دوڑ جیت لی۔ انھوں نے آخری چکر 52.6 سکینڈ میں طے کیا۔ یہ مو فراح کا مسلسل ساتواں عالمی ٹائٹل ہے اور تیسری بار پانچ ہزار میٹر دوڑ میں جیت ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل چین کے شہر بیجنگ میں جاری عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں برطانیہ کے مو فراح نے دس ہزار میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ طلائی تمغہ جیتنے کے بعد مو فراح نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عزم کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپنے ملک کے لیے تمغے جیتتے رہیں۔ ’میں چاہتا ہوں کہ مجھے ایسے شخص کے طور پر یاد رکھا جائے جس نے اپنے ملک کے لیے کچھ کیا ہو، اور بہت اچھا محسوس کرتے ہیں کہ میرے چاہنے والے بہت ہیں جو مجھے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر پیغامات بھیجتے رہتے ہیں۔‘ سات سال پہلے اسی میدان میں 2008 اولمپک مقابلوں میں فراح پانچ ہزار میٹر ریس میں ناکام ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں