کولکتہ (سپورٹس ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین سری نواسن مشکلات کا شکار ہوگئے۔ بھارتی کرکٹ بورڈکی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے نکالے جانے کے بعد آئی سی سی میں عہدہ برقرار رکھنا بھی مشکل ہوگیا۔ بھارتی بورڈ سری نواسن کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رہنمائی لے رہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے اگر سری نواسن کو بی بی سی آئی کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا تو ان کی آئی سی سی میں پوزیشن بھی خطرے میں پڑ جائے گی ۔ آئی سی سی میں نمائندہ بھارتی کرکٹ بورڈ نامزد کرتا ہے‘نواسن کیلئے ضروری ہے کہ وہ جگموہن ڈالمیا کی حمایت حاصل کریں ورنہ بی سی سی آئی کے صدر نواسن کی جگہ کسی اور شخص کو بھی نامزد کرسکتے ہیں ۔ بورڈ میں عہدیداروں کی اکثریت نواسن کے خلاف ہوگئی ہے ۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ نواسن نے خود کو بچانے کیلئے بی سی سی آئی سیکرٹری انوراگ ٹھاکر سے ڈیل بھی کر لی ہے۔تاہم ڈالمیا نواسن کے بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے سخت مخالف ہیں ۔اگر سپریم کورٹ نے سری نواسن کو اجلاس میں شرکت کی اجازت دیدی تو پھر صدر بورڈ کے اختیار میں ہوگا جو فیصلہ کریں ۔بگ تھری بننے کے بعدکوئی بھی ملک جب چاہے اپنا نمائندہ تبدیل کرسکتا ہے ۔بھارتی بورڈ بھی جب چاہے آئی سی سی میں سری نواسن کو تبدیل کرسکتا ہے۔توقع ہے کہ سری نواسن کی قسمت کا فیصلہ 27ستمبر کو ہوگا۔
بھارتی بورڈمیں بے عزتی کے بعد سری نواسن کی آئی سی سی سے بھی چھٹی کا امکان
Aug 30, 2015