عدن(این این آئی+ بی بی سی + اے ایف پی)یمن کے شہر عدن میں فوجی بھرتی مرکز میں خودکش کار بم حملے میں رنگروٹس سمیت71 ہلاک اور 98 زخمی ہوگئے ،داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،ہلاکتوںمیں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ عدن شہر میں ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی بھرتی مرکزمیں شمولیت کے خواہش مند افراد کی قطار پر چڑھا دی ۔ فوجی بھرتی دفتر شمالی ساحلی شہر کے ایک سکول کے قریب واقع تھا۔دھماکے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوںمیں منتقل کردیا گیا جہاں بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایمبولینس اور ہنگامی امدادی اداروں کی گاڑیوں نے جائے حادثہ سے ہلاک اور زخمیوں کو نکالا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سکول کے احاطے میں جہاں بین الاقومی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبداللہ عبدالرب منصور حادی کی حلیف فورسز کے بھرتی ہونے والے اہلکار ناشتے پر جمع تھے کو نشانہ بنایا گیا ۔شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ داعش نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔گروپ کی احمق نیوز ایجنسی کے مطابق عدن کے بھرتی مرکز پر خودکش حملہ داعش کے جنگجو نے کیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرکاری فوج کے جس تربیتی کیمپ پر حملہ کیا گیا ہے وہاں فوجی اہلکاروں کے علاوہ حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی افواج کی حمایتی ملیشیا کے ارکان کو بھی ترتیب دی جاتی تھی۔حملہ ایسے وقت کیا گیا جب یمن اور سعودی عرب کے درمیان 17 ماہ سے جاری کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اب تک جھڑپوں میں 6600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن کی اکثریت عام شہریوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ 25 لاکھ سے زائد یمنی بے گھر ہو گئے ہیں۔
یمن
یمن : داعش کا فوجی بھرتی مرکز پر خودکش حملہ‘ 71 رنگروٹ ہلاک‘ 98 زخمی
Aug 30, 2016