ایم کیو ایم ضیا نے بنوائی مشرف نے پروان چڑھائی، پابندی لگائی جائے پی ٹی آئی رہنما کا جنرل راحیل کو خط

Aug 30, 2016

کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر علی حیدر زیدی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے نام لکھے گئے خط میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اپنے کھلے خط میں آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی خفیہ بات نہیں کہ ایم کیو ایم سابق صدر جنرل محمد ضیاءالحق کی پیداوار ہے، جسے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے سہولت فراہم کی، لہذا آپ کے پیش روو¿ں کی جانب سے پیدا کی گئی خرابیوں کو درست کرنے کی ذمہ داری بدقسمتی سے خود بخود آپ کے کندھوں پر آجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میجر جنرل بلال اکبر کی قیادت میں سندھ رینجرز نے شہر میں امن کی بحالی، ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے مجرموں اور شرپسندوں کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے افراد کو گرفتار کرکے شاندار کام کیا ہے تاہم الطاف حسین کے حالیہ بیان اور فاروق ستار کی پریس کانفرنس کے تناظر میں اب وقت آچکا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جس میں متحدہ پر پابندی سمیت ان تمام افراد کے خلاف کارروائی بھی شامل ہے، جو اب تک ان کی حمایت کرتے ہیں۔ اپنے کھلے خط میں علی زیدی نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کی پریس کانفرنس پاکستانی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، برائے مہربانی ان مجرموں کو ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان میں تفریق کرکے اپنی ذہانت کا مذاق نہ اڑانے نہ دیں، الطاف حسین اب بھی ان کے روحانی رہنما ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما

مزیدخبریں