’’را‘‘ ایم کیو ایم کو فنڈنگ کرتی ہے:سلیم شہزاد، دو برس بعد منظر عام پر آ گئے

Aug 30, 2016

کراچی(این این آئی) ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے رکن سلیم شہزاد دو برس بعد منظر عام پر آگئے ہیں ، جلد پاکستان آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ساڑھے تین سال سے ایم کیو ایم کا حصہ نہیں۔ایم کیو ایم کو ’’را‘‘ فنڈنگ کرتی ہے لیکن یہ نہیں پتہ کہ رقم ماہانہ آتی ہے یا ہفتہ وار،جلد پاکستان واپس آرہا ہوں، معاملات حل ہوجائیں گے۔سلیم شہزاد نے کہا کہ ایم کیو ایم میں اب کرپٹ اور دہشت گرد عناصرکی ضرورت نہیں، جرائم پیشہ عناصر سے کہتا ہوں کہ وہ ایم کیو ایم چھوڑ دیں۔ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے ذریعے سب کچھ ختم کردیا،پاکستان مخالف بات کردیں تو باقی کیا رہ جاتاہے ۔ ہمیں مرنا جینا پاکستان میں ہے یہیں رہنا ہے، پہلے دن بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور آج بھی لگاتا ہوں، کرپشن کی نشاندہی کرنے پر رکن رابطہ کمیٹی سے آگے نہ بڑھ سکا۔ فاروق ستار کچھ دنوں میں معاملات اپنے کنٹرول میں کرلیں گے اور فاروق ستار کے ہاتھ تمام معاملات ہوں گے۔الطاف حسین کے متعلق کنفیوژن کچھ دنوں میں دور ہوجائیگی، فاروق ستار اور میری ترجیح ہے کہ کراچی کے امن کو برقرار رکھا جائے، بانی ایم کیو ایم غدار ہیں اسکا جواب جلد مل جائیگا۔ دریں اثناء آزاد کشمیر میں متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی عائد کرکے سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کرنے کیلئے باقاعدہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں درخواست دائر کردی گئی ۔ پاک کشمیر فرینڈز فورم کے چیئرمین شوکت جاوید ، سیکرٹری جنرل عبدالواجد خان ، چیف آرگنائزر اقبال میر ، سیکرٹری اطلاعات راجہ عبدالرشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین مملکت خداداد پاکستان اور بہادر افواج پاکستان کیخلاف ہمیشہ زہر اگلتے ہوئے میڈیا ہائوسز پر دھاوا بولنے کی ترغیب دی جبکہ اس سے قبل بھی دہشتگردی ، انتہا پسندی ، ملک دشمن سرگرمیوں میں ایم کیو ایم کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور ایم کیو ایم برطانیہ کے رہنمائوں سرفراز مرچنٹ ، طارق میر نے بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے فنڈز حاصل کرنے اور اپنے کارکنوں کو تربیت دلوانے کا اعترافی بیان بھی دیدیا ہے ۔ 22اگست کو برطانوی شہری الطاف حسین نے پاکستان ، افواج پاکستان ، قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور ملک دشمنی کی تمام حدیں پھلانگ دیں ۔

مزیدخبریں