لکھنؤ(نیٹ نیوز+اے این این ) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے وزیراعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے کشمیر میں تشدد کو پروان چڑھا رہی ہے ٗ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے ساتھ جنگ بھی چھیڑ سکتی ہے۔ مودی نے آج تک اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ٗ بی جے پی کے غنڈوں کا حوصلہ مزید بڑھ چکا ٗ اترپردیش میں ہندو مسلم فسادات کرائے جا سکتے ہیں، ریاست کے انتخابات میں کامیابی کیلئے بی جے پی کسی حد تک بھی جا سکتی ہے۔ لکھنؤ کے قریب ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اب تک اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، مرکز میں جب سے بی جے پی کی حکومت بنی ہے تب سے ملک میں مسلم سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، فرقہ پرست طاقتیں مضبوط ہوگئیں‘ گائوں رکھشا اور تبدیلی مذہب کی آڑ میں اقلیتوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ نئی دہلی کے لاء اینڈ آرڈر کو بھی جب یہ بی جے پی کی حکومت نہیں سنبھال سکتی تو اتر پردیش کو کس طرح سنبھالے گی ؟ موجودہ حکمراں پارٹی جو اپنے جرم کیلئے ہمیشہ سے جانی جاتی رہی ہے ، لیکن اس مرتبہ تو غنڈوں کا حوصلہ مزید بلند ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے ریاست میں لوٹ مار، جرائم، عصمت دری اور فرقہ وارانہ فسادات جیسے واقعات خوب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔