لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی سیاست پارسائی کی جعلی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔ اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ یہ دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ این اے 120 کے الیکشن کے حوالے سے پارٹی کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور آئین کے ساتھ اگر کسی جماعت کی وفاداری شک و شبہ سے بالاتر ہے تو وہ صرف پیپلز پارٹی ہی ہے۔ جیسے 90 کی دہائی میں نوازشریف نے الزام تراشی اور انتقام کی سیاست کی تھی اب وہی سیاست عمران خان کر رہے ہیں۔ یہ دونوں اصول اور نظریئے کی بجائے ذاتی مفادات کی سیاست کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے جس ہتھیار سے یہ دونوں پیپلز پارٹی پر حملہ کرتے ہیں بعد میں اسی ہتھیار کا خود شکار ہوتے ہیں۔ آج نواز شریف عدالتوں پر الزامات لگا رہے ہیں۔ کل عمران خان عدالتی فیصلوں کو شرمناک کہتے تھے۔