نیویارک(سپورٹس ڈیسک ) یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ماریا شیرا پووا، وینس ولیمز، کیرولین ووزنیاکی، جان اسنر اور سام کیوری نے فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔امریکا میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کے سلسلے میں منگل کو کھیلے گئے مینز سنگلز ایونٹ کے پہلے مرحلے کے میچز میں میزبان ملک کے کھلاڑی سام کیوری نے فرانس کے جائلز سیمن کو 6-4، 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ایک اور میچ میں امریکا کے ہی جان اسنر نے فرانس کے فلپ ہربرٹ کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی، انہوں نے اسٹریٹ سیٹ میں 6-4، 6-3 اور 6-4 میں کامیابی حاصل کی۔جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن، برطانیہ کے کائل ایڈمنڈ امریکا کے اسٹیو جانسن، جوولفریڈ ٹی سونگا،اور دیگر کھلاڑی بھی اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ادھر خوواتین کے مقابلوں میں وائلڈ کارڈ کے ذریعے ایونٹ میں شرکت کرنے والی ماریا شیراپووا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رومانیہ کی سیمونا ہیلپ کے خلاف 6-4, 4-6 اور 6-3 سے کامیابی حاصل کر کے گرینڈ سلیم اوپن کا کامیابی سے آغاز کیا۔امریکا کی وینس ولیمز بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہیں اور انہوں نے وکٹوریہ کزمووا کو 6-3، 3-6 اور 6-2 جبکہ سیمونا ہیلپ نے اسٹریٹ سیٹ میں روبرٹا ونسی کو مات دی۔