گلزار خان کے انتقال پر قومی اسمبلی کا ماحول سوگوار: تحریک انصاف کا بھی خراج عقیدت

Aug 30, 2017

نواز رضا۔۔۔پارلیمنٹ کی دائری

منگل کو قومی اسمبلی کا45واں ایک روزہ سیشن طلب کیا گیا لیکن تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی گلزار خان کے انتقال کے سوگ میں معمول کی کارروائی نہیں کی گئی قومی اسمبلی کا ماحول سوگوار تھا ان کا ایک ساتھی وفات پا گیا تھا پارلیمانی روایات کے مطابق’’ سٹنگ ممبر‘‘ کی وفات کے باعث ایوان تعزیتی اجلاس کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ مرحوم ایم این اے کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تعزیتی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کی کاپی گلزار خان مرحوم کے پسماندگان کو بھیج دی گئی ۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج بدھ کو ساڑھے دس بجے صبح شروع ہو گا۔ خارجہ امور پر بحث اور امریکی صدر کی دھمکیوں کے خلاف قرارداد منظور کی جائے گی۔ اجلاس آج ہی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی خاصے متحرک ہو گئے ہیں وہ آج کھل کر پاک امریکہ تعلقات پر اظہار خیال کریں گے قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی شرکت کی ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے پارلیمانی رہنما صاحبزادہ طارق اللہ نے مرحوم گلزار خان اور سابق وفاقی وزیر خالد احمد کھرل کیلئے دعا کروائی۔ شازیہ مری، شاہ محمود قریشی، اعجاز حسین جاکھرانی، شیخ آفتاب احمد، انجینئر حامد الحق، ناصر خٹک، شہریار آفریدی، جی جی جمال، مولانا امیر زمان، صاحبزادہ طارق اللہ اور دیگر ارکان نے گلزار خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے تعزیتی قرارداد پیش کی جس میں گلزار خان مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں 43منٹ تاخیر شروع ہوا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلزارخان نے بطور سول سرونٹ خیبرپی کے کے عوام کی خدمت کی اور بعد میں سیاسی کردار ادا کیا اور افغانستان کے معاملات پر کافی عبور تھا۔ آج اچھے اور منجھے ہوئے سیاستدان سے محروم ہوئے ہیں ۔ خالد کھرل کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ ا فغان مہاجرین کے کمشنر کے طور پر اہم خدمات سرانجام دیں ۔ا عجاز جاکھرانی نے کہا کہ گلزار خان ایک شریف النفس انسان تھے ۔ صلاح الدین نے متحدہ قومی موومنٹ کی طرف سے گلزار خان کے خاندان سے تعزیت کی ۔ اہم بات یہ ہے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے کھل کر گلزار خان کو خراج عقیدت پیش کیا منگل کو سینیٹ کی ہول کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا بند کمرے میں ہونے والے اجلاس میں ’’پاک امریکہ تعلقات‘‘ کے حوالے سے حکومت کے لئے گائیڈ لائن تیار کی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ حکومت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کو خاطر میں نہ لائے اور اپنے موقف پر کوئی کمپرو مائز نہ کرے پوری پارلیمنٹ جرات مندانہ موقف پر حکومت کی پشت پرکھڑی ہو گی کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ناقد امریکی سینیٹرز اور اراکان کانگریس سے پارلیمانی سفارت کاری کے زریعے فی الفوررابطوں کی سفارش کر دی ہے اورپارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلانے کی تجویز پیش کی ہے سینیٹ نے آج تک دی جانے والی امریکی امداد ، کولیشن سپورٹ فنڈ اور پاکستان کو اخراجات کی واپسی کا حقائق نامہ(فیکٹ شیٹ ) تیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈائری

مزیدخبریں