مناسک حج آج سے شروع عازمین نماز فجر کے بعد منی پہنچیںگے

مکہ مکرمہ+ لاہور (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے+ خصوصی نامہ نگار) دنیا کے ہرخطے، مملکت اور براعظم سے تعلق رکھنے والے عازمین حج نماز فجرکی ادائیگی کے بعد لبیک اللھم لبیک کے ترانہ بندگی کی صدائوںکی گونج میںآج بُدھ کو منیٰ پہنچیں گے۔ مناسک آج بدھ سے شروع ہوں گے۔ عازمین حج مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچنے پر پورا دن ایمان افروز اور روح پرور ماحول میں ذکر و اذکار اور عبادات میں مصروف رہیںگے۔ ظہر، عصر ، مغرب اور عشا کی نماز وہیں ادا کریںگے وہ منیٰ میں ایک دن اور رات گذارنے کے بعد 9 ذوالحجہ کل (جمعرات) کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد حج کارکن اعظم ’’وقوف عرفہ ‘‘اداکرنے کیلئے میدان عرفات کا رُخ کریں گے۔ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میںعازمین حج، خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ایک اذان اور دوبارہ اقامت کے ساتھ دو دو رکعت ادا کریں گے اور دعائیں مانگیں گے۔ عازمین حج لبیک اللھم لبیک پکارتے ہوئے پیدل اور سواریوںکے ذریعے منیٰ پہنچ رہے ہیں، مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میںحج سکیورٹی فورس نے حج کے دوران کسی بھی قسم کی بدامنی کے سدباب کیلئے ڈیڑھ لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات کئے ہیں، ڈرون طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور ہوائی جہازوںکی مدد سے بھی مشاعرم قدسہ کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ ادھر قطر سے سلویٰ بارڈر کراسنگ کے ذریعے سعودی عرب میں پہنچنے والے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق منیٰ میں عازمین کو ان کے معلمین کے ذریعے خیمے الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔ پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کی معاونت ‘رہنمائی اور فلاح و بہبود کیلئے دو ہزاراہلکاروں پر مشتمل عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج کے ذرائع کے مطابق اس سال دوسرے ملکوں سے 17لاکھ35 ہزار391 افراد پہنچ چکے ہیں۔ سب سے زیادہ یعنی 2 لاکھ 21 ہزار حاجی انڈونیشیا سے آئے ہیں۔ پاکستانی حاجیوں کی تعداد دوسرے نمبر پر ہے۔ بھارت تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے ایک لاکھ 70 ہزار ‘ بنگلہ دیش سے ایک لاکھ 27ہزار ‘ مصر سے ایک لاکھ 8 ہزار‘ ایران سے 86 ہزار 500‘ ترکی سے 79 ہزار‘ ‘نائیجیریا سے 79 ہزار‘ روس سے 22 ہزار 500‘ چین سے 11 ہزار 800‘ مراکش سے 31 ہزار اور الجزائر سے 36 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ترجمان سعودی وزارت داخلہ نے کہا 20 لاکھ سے زائد عازمین کو خوش آمدیدکہنے کے لئے تیار ہیں۔ ولی عہد وزیر داخلہ شہزادہ سلمان نے خبردار کیا سکیورٹی متاثرکرنے والی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دیںگے۔ نعرے بازی اور مظاہرے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 86000 ایرانی بھی حج کیلئے آئے ہیں۔ 54 سالہ ایرانی زائر نے کہا سیاسی مسائل کو حج سے الگ رکھنا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن