اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ایکنک کے اجلاس میں کھربوں روپے کی لاگت کے 8منصوبوں کی منظوری دیدی گئی جبکہ وزیراعظم کی صدارت میں ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گلگت و بلتستان کے لئے گندم کی سبسڈی میں اضافہ کر دیا گیا۔ ایکنک کے اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں سیپکو کے تحت 132 کے وی گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائنز بچھانے کے منصوبے کو منظور کر لیا گیا۔ 12 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ سکھر‘ جیکب آباد‘ شکارپور‘ لاڑکانہ‘ گھوٹکی‘ سکھر‘ جیکب آباد‘ شکارپور‘ لاڑکانہ‘ گھوٹکی‘ قمبر‘ کندھ کوٹ‘ دادو‘ نوشیرو فیروز‘ خیرپور‘ بے نظیر آباد اور سیپکو کے تحت دوسرے علاقوں میں بجلی کی ڈسٹری بیوشن کے نیٹ ورک بنانے کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ 3 ارب 82 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ سندھ میں تکنیکی وجوہات کی وجہ سے بجلی کے ضیاع کی روک تھام کے منصوبے کو منظور کرلیا گیا۔ اس پر 10 ارب 51 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس کے تحت 11 کے وی کی لائنز بچھائی جائیں گی۔ 11کے وی کے ’ری کنڈکٹرز‘‘ تبدیل ہوں گے اور اوورلوڈ ٹرانسفارمر تبدیل ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم قومی صحت پروگرام کو توسیع دینے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔ اس موقع پر 8 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ چترال گرڈ‘ چشمہ دوریا پاس روڈ کی تعمیر کی منظوری دیدی گئی۔ اس پر 8 ارب 31 کروڑ روپے لائت آئے گی۔ بنوں سڑک کو دوہرا کرنے کا نصوبہ منظور کرلیا گیا۔ اس پر 17 ارب 23 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ کوہاٹ روڈ 2رویہ کرنے کا منصوبہ بھبی منظور کرلیا گیا۔ س پر 18 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ سیالکوٹ لاہور موٹر وے کی فنانسنگ کے طریقہ میں تبدیلی کی منظوری دیدی گئی۔ اس منصوبے پر 45 ارب 38 کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں صوفیہ گیس فیلڈ سے 14.2 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایس ایس جی سی کے لئے مختص کرنے کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے ’’ائر مکس منصوبے‘‘ کی منظوری دیدی۔ ائر مکس پراجیکٹ مال کوٹ کو بالاکوٹ کے ساتھ اور فارورڈ کہوٹہ کے منصوبے کو دروش چترال کے ساتھ بدل دیا جائے گا۔ گیس دوبارہ مختص کرنے کی تجویز کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کو اجازت دے دی کہ 130 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے پہاڑی فیلڈ سے ایل این جی سی اور ایل این جی پی ایل کو دیدی جائے۔ ایم او ایل فیلڈ سے 25 ایم ایم سی ایل ڈی اور 6.4 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مکوڑی فیلڈ سے ایس این جی پی ایل کے لئے مختص کر دی گئی۔ کمیٹی یورو IV اور یورو V کی معدنیات کے ساتھ ڈیزل آئل متعارف کرانے کی بھی منظوری دیدی اس سلسلہ میں حکومت پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ اجلاس میں گلگت و بلتستان کے لئے گندم پر سبسڈی 2 روپے فی کلو بڑھانے کی منظوری دیدی گئی۔ یہ اعانت مالی سال کے اختتام تک رہے گی۔ گندم سخت موسم میں سہ ماہی بنیادوں اور باقی ایام میں ماہانہ بنیادوں پر فراہم کی جائیگی۔ اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ دینے کے بھی منظوری دیدی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ممتاز بین الاقوامی ریٹنگ اداروں نے اندرونی و بیرونی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی کابینہ کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے کابینہ کو کلیدی اقتصادی اشاریوں‘ معاشی اقتصادی نمو‘ صارف قیمت اشاریہ‘ قرضہ جات کی صورتحال‘ مالیاتی استحکام‘ ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس وصولی‘ افرادی قوت کی طرف سے ترسیلات زر‘ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری‘ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر‘ ادائیگیوں کے توازن‘ سرکاری قرضہ اور پاکستان کی معیشت میں نمایاں پیش ہائے رفت سمیت ملک کی مجموعی معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی کابینہ نے ایس ڈی جیز کے حصول کے لئے وزیراعظم کے پروگرام کے رہنما اصولوں میں ترامیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے نئی وفاقی وزارتوں‘ ڈویژنز کی تشکیل نو اور تخلیق کے بعد رولز آف بزنس 1973ء میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔ جس کا مقصد ان وزارتوں اور ڈویژنز کے لئے سہولت پیدا کرنا اور وقف کردہ موضوعات کو واضح کرنا ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مستحکم معیشت اور اقتصادی پیداوار حاصل کرلی‘ مہنگائی کی شرح میں کمی اور شرح سود کم ترین سطح پر ہے۔ پی ایس ڈی پی اور سماجی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے‘ پیداوار میں اضافے کی پالیسیوں کے باعث معیشت میں وسعت آ رہی ہے۔