اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی ائیر لائن( پی آئی اے )کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کے معاملے پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفو ظ کرلیا گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی ،بیرسٹر اعظم سواتی کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت کو بتایا سی ای او مشرف رسول کی تقرری قواعد ضوابط کے خلاف کی گئی اس عمل میں مروجہ طریقہ کار کو استعمال نہیں کیا گیا ۔ نگران حکومت کی جانب سے معاملہ نئی حکومت آنے تک مؤخر کردیا گیا تھا ۔نومنتخب حکومت نے ابھی تک سی ای او پی آئی اے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ڈپٹی اٹارنی جنرل کا عدالت میں مزید کہنا تھا پی آئی اے کیس کی سماعت عدالت عظمیٰ میں بھی جاری ہے ۔3ستمبر کو کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہونے جارہی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے عدالت عظمیٰ میں سماعت سے قبل سی ای او بارے حکم نامہ جاری کیا جائے۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کیوں نہ معاملہ کابینہ کو بھجوا دیا جائے بعدازاں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سی ای او پی آئی اے کی تعیناتی :کیوں نہ معاملہ کابینہ کوبھجوادیں :اسلام آباد، ہائیکورٹ فیصلہ محفوظ
Aug 30, 2018